ایم کیوایم پاکستان کے تحت19جون 1992 کے شہدا کی 26ویں برسی ملک بھر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

منگل 19 جون 2018 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام 19جون 1992 کے شہدا کی 26ویں برسی ملک بھر منگل کے روز انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس سلسلے میں صوبہ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر حق پرست شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کئے گئے جبکہ 19جون کے شہدا کی برسی کا مرکزی اجتماع کراچی میں ایم کیوایم کے عارضی مرکز واقع بہادرآباد میں ہوا جس میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن و فاتحہ خوانی کی گئی اور مختلف قرآنی آیات کا ورد کیا گیا ۔

شہدا کی برسی کے مرکزی اجتماع میں ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، ڈاکٹرمحمدفاروق ستار،ڈپٹی کنوینرومئیرکراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب، عبدالقادر خانزادہ ، عادل خان،گلفرازخان،ذاکرقریشی،مسعودمحمود،نامزد حق پرست امیدواران ، سابق اراکین حق پرست پارلیمنٹرین ، ایم کیو ایم کے مختلف ونگز و شعبہ جات کے ذمہ داران ، ڈسٹرکٹس کے حق پرست چیئرمین ، نائب چیئرمین ، ڈسٹرکٹس انچارجز و اراکین ، ٹان انچارجز و اراکین ، یوسی انچارجز و اراکین سمیت حق پرست شہدا کے لواحقین ، اسیروں اور لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں رکن رابطہ کمیٹی عبدالحسیب نے اجتماعی دعا کرائی جس میں حق پرست شہدا کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، اسیرو لاپتہ کارکنان کی جلد رہائی و بازیابی ، ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے اور حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔