Live Updates

نگران وزیر داخلہ نے استعفا دئیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی

نہ استعفا دیا ہے نہ کوئی ایسااراردہ ہے۔جوذمےداری دی گئی ہے وہ احسن طریقے سےنبھاؤں گا،نگران وزیر داخلہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 19 جون 2018 22:32

نگران وزیر داخلہ نے استعفا دئیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-19 جون 2018ء) :نگران وزیر داخلہ نے استعفا دئیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی۔نگران وزیر داخلہ اعظم خان کا کہنا ہے کہ نہ استعفا دیا ہے نہ کوئی ایسااراردہ ہے۔جوذمےداری دی گئی ہے وہ احسن طریقے سےنبھاؤں گا۔تفصیلات کے مطابق ملک میں مسلم لیگ ن کی جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد 31 مئی کو رخصت ہو چکی ہے۔

جس کے بعد نگران سیٹ اپ نے ملک کا انتظام و انصرام سنبھال رکھا ہے۔اس نگران سیٹ اپ پر سب سے بڑی ذمہ داری شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد ہے ۔اسی بات کا اظہار وزیر اعظم سمیت تمام وزراء اعلیٰ بھی کر چکے ہیں۔اس حوالے سے شفاف اور بروقت انتخابات کے انعقاد کی غرض سے اعلیٰ عہدیداروں اور نگران سیٹ اپ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں جس کے سلسلے میں اہم ترین ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اطلاعات یہ ہیں کہ 3 ہفتے قبل قائم کی گئی نگران حکومت میں بھی اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ نگران حکومت کی کابینہ میں اس وقت شدید کشمکش جاری ہے۔ خاص کر نگران وزیر داخلہ اعظم خان اور نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ اسی باعث کچھ دیر پہلے یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ نگران وزیر داخلہ اعظم خان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

تاہم اب یہ خبر آئی ہے کہ نگران وزیر داخلہ نے استعفے دئیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔اس موقع پر نگران وزیر داخلہ اعظم خان کا کہنا تھا کہ نہ استعفا دیا ہے نہ کوئی ایسااراردہ ہے۔جوذمےداری دی گئی ہے وہ احسن طریقے سےنبھاؤں گا۔وزیراعظم ہاؤس سے بھی فون آیا میں نے بتایا کہ ایسی کوئی بات نہیں۔زلفی بخاری معاملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پہلےبھی ایک شخص کو 26منٹ میں ای سی ایل سے نکالنے کی بات کی گئی۔ای سی ایل سے نکالنے کی بات بلا تحقیق کی گئی۔ واضح رہے کہ عمران خان کے دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل کی بلیک لسٹ سے نکالے جانے کے معاملے پر بھی اعظم خان تنقید کی زد میں تھے۔ تاہم اعظم خان نے خود پر لگنے والے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات