فوج کو پسپا کرنے میں ناکام حوثی ملیشیا کی الحدیدہ میں شہری آبادی پرشدید گولہ باری

سرکاری فوج اور عرب اتحادی فوج نے الحدیدہ ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیا‘ہوائی اڈے کی صفائی کا عمل شروع

بدھ 20 جون 2018 12:02

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) ایران نواز حوثی شدت پسندوں کو ساحلی شہر الحدیدہ میں بدترین شکست اور دباؤ کا سامنا ہے۔ سرکاری فوج کو پسپا کرنے میں ناکام حوثی باغیوں نے شہری آبادی کو گولہ باری سے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایک فوٹیج جاری کی ہے جس میں حوثی ملیشیا کو ٹینکوں کے ذریعے آبادی پرگولہ باری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد اور سرکاری فوج نے حوثیوں کی گولہ باری پر نظر رکھی ہے۔ ایرانی حمایت یافتہ حوثی عناصر الحدیدہ ہوائی اڈے کے شمال مغرب میں واقعہ تہامہ کے علاقے میں شہری آبادی کو گولہ باری سے نشانہ بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے اپنے مذموم جنگی مقاصد کے لیے شہری آبادی کونشانہ بنایا بین الاقوامی قوانین بالخصوص جنیوا معاہدے اور 1949ء کو منظور ہونے والے جنگوں کے دوران شہری تحفظ کے ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

سرکاری فوج اور عرب اتحادی فوج نے الحدیدہ ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جب کہ حوثی باغی ساحل سمندر کی طرف فرار ہوگئے ہیں اور انہوں نے شہری آبادی کے اندر پناہ لینا شروع کی ہے۔سرکاری فوج نے ہوائی اڈے کی صفائی کا عمل شروع کردیا ہے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کا عمل بھی آخری مرحلے میں ہے۔