بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے، مشترکہ حریت قیادت

بھارتی فوجیوںنے عید الفطر کے روز سے ہی مقبوضہ وادی میں ایک بار پھر ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے‘ کئی کشمیری نوجوان شہید اور زخمی ہوگئے حریت قیادت نے بھارتی فورسز کی مسلسل قتل و غارت اور شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کیخلاف (آج) مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے

بدھ 20 جون 2018 12:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میںجاری بہیمانہ کارروائیوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے بے تحاشا استعمال کے باوجود کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوںنے عید الفطر کے روز سے ہی مقبوضہ وادی میں ایک بار پھر ظلم و جبر کا بازار گرم کیا اور براہ راست فائرنگ کر کے کئی کشمیری نوجوانوں کو شہید اور زخمی کر دیا۔انہوں نے کہاکہ ایک زخمی نوجوان عبدالمجید سرینگر کے صورہ ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

(جاری ہے)

مشترکہ قیادت نے کہا کہ نام نہاد جنگ بندی کے اختتام کے ساتھ ہی قابض فورسز نے محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مقبوضہ وادی کے مختلف مقامات خاص طور جنوبی اضلاع میں لوگوںکو تختہ مشق بنانے کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ۔ انہوںنے کہا کہ کئی نوجوانوں کے قتل کے علاوہ پامپور میں نوجوانوںکو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا جبکہ پلوامہ کے مختلف علاقوں سے چودہ نوجوانوں کو گھروں پر چھاپوںکے دوران گرفتار کیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی پولیس نے شوپیاںکے علاقے میں سینئر صحافی سید تجمل عمران کے گھر پر بھی متعدد مرتبہ چھاپہ مارا ۔ مشترکہ قیادت نے سینئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی کسی عالمی ادارے کے ذریعے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری صحافی مشکل حالات کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں ۔مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فورسز کی مسلسل و غارت اور شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کیخلاف (آج)21جون بروز جمعرات کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔