دُبئی:جڑواں وکیل بہنوں نے پولیس والی پِیٹ ڈالی

عدالت کی طرف سے دونوں بہنوں کو چھ چھ ماہ قید کی سزا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جون 2018 12:11

دُبئی:جڑواں وکیل بہنوں نے پولیس والی پِیٹ ڈالی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جُون 2018ء) عدالت نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والی دو جڑواں بہنوں کو نشے کی حالت میں ایک ہوٹل کے باہر شور شرابا کرنے‘ تھانے میں خاتون پولیس اہلکار کی مار پِیٹ کرنے اور گالیاں بکنے کے جُرم میں چھ چھ ماہ کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اگست 2017ء کے دوران ایک روز پولیس کو اطلاع مِلی کہ البشرہ کے علاقے میں دو برطانوی خواتین ہوٹل کے باہر نشے کی حالت میں غل غپاڑہ کر رہی ہیں۔

جس پر پولیس کی جانب سے ایک ٹیم بھیجی گئی جس نے دیکھا کہ دو خواتین ہوٹل کے باہر لوگوں سے بہت اشتعال انگیز طریقے سے پیش آ رہی ہیں۔ یہ دونوں خواتین جڑواں بہنیں تھی۔ ان میں سے ایک خاتون کو بازو پر چوٹ آئی تھی جس کو وہاں موجود ایمبولینس کا سٹاف طبی امداد دے رہا تھا جبکہ دُوسری ایمبولینس کے باہر کھڑی سٹاف والوں پر چیخ چِلا رہی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے نشے کی حالت میں شور شرابا کرنے پر ان خواتین کو گرفتار کرنا چاہا تو ان میں سے ایک نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔

جس پر پولیس اہلکار اُنہیں ہتھکڑیاں لگا کر تھانے لے آئے۔ تھانے میں ان خواتین نے وہاں موجود خاتون پولیس اہلکار کو مارنا پیٹنا شروع کردِ یا اور اسے فرش پر گرا دیا جس کے باعث اُس کے سر اور بازو پر چوٹیں آئیں۔ ان برطانوی خواتین کو الکوحل ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا‘ اس سفر کے دوران ایک بار پھر بدمست برطانوی خواتین خاتون پولیس اہلکار پر حملہ آور ہوئیں‘ اُسے گالیاں دیں اور اس کے ہاتھ پر اپنے ناخن گاڑ دیئے۔

۔ ان خواتین کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں انہوں نے خود کو بے گناہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ عدالت نے خواتین پر جُرم ثابت ہونے کے بعد انہیں چھ ماہ کی سزا سُنائی جس کے فوراً بعد اُنہیں ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ برطانوی خواتین کو فیصلے کے خلاف پندرہ دِن میں اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔