تعلیم کے بغیر عوام اورپاکستان دونوں کی حالت نہیں سنواری جا سکتی ‘ مسرت چیمہ

پاکستان میں عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ انکی فلاح وبہبود کی بجائے حکمرانوںکی عیاشیوں پر خرچ ہوتا ہے ‘ ممبر ایگزیکٹو کونسل

بدھ جون 13:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹوکونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سلطنت شریفیہ والوں کو گزارنے کیلئے گھنٹوںسڑکیں بند رکھی جاتی ہیں جبکہ بیرون ملک انہیں سڑک پار کرانے والا بھی کوئی نہیں ہوتا ، تعلیم کے بغیر عوام اورپاکستان دونوں کی حالت نہیں سنواری جا سکتی اس لئے پی ٹی آئی سب سے پہلے تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی ۔

ا ن خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں خواتین کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں حکومتوں میں آنے والے صرف دکھاوے کیلئے عوام کا دم تو بھرتے ہیں لیکن انہیں ان کے مسائل سے کوئی سروکار نہیںہوتا ۔مزدور کی تنخواہ 14ہزار روپے مقرر کی جاتی ہے لیکن بتایا جائے کیا اس میں چار افراد کے کنبے کا بجٹ بن سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عوام کو تعلیم سے دور رکھا گیا اورانہیں روزی روٹی کے ایسے چکر میں ڈال دیا گیا ہے کہ انہیں اپنے حقوق کا تقاضہ کرنے کی فرصت ہی نہ ملے ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں ،حکمران پروٹوکول اور عیاشیوںکیلئے اپنی جیب سے نہیں بلکہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ خرچ کرتے ہیں جبکہ بیرون ممالک جمہوری معاشروںمیں ٹیکسوں کا پیسہ ملک اور عوا م کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ انشااللہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر نئی پالیسیاں تشکیل دے گی جن کا مقصدصرف اورصرف ملک اور عوام کی فلاح و بہبود اورترقی ہوگا ۔