شی۔ کم جونگ ملاقات،جزیرہ کوریا کی صورتحال بارے وسیع تر اتفاق رائے

دونوں رہنمائوں کے درمیان جزیرہ نما کوریا کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ تعلقات بارے تبادلہ خیال تین ماہ میں تین ملاقاتوں سے باہمی تعلقات کی ترقی کی سمت طے ہوئی ہے،صدر شی جزیرہ کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک رکھنے کے عمل میں چین کے کردار کی قدر کرتے ہیں، کم جونگ اُن

بدھ 20 جون 2018 13:46

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے دورے پر آئے ہوئے شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اٴْن سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات،جزیرہ نما کوریا کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور وسیع پیمانے پر اتفاق رائے حاصل کیا۔اس موقع پر چین کے صدر نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ میں انہوں نے کِم جونگ اٴْن کے ساتھ تین مرتبہ ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں سے باہمی تعلقات کی ترقی کی سمت طے کی گئی اور باہمی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوا۔چینی حکومت اور چینی کمیونسٹ پارٹی شمالی کوریا کے ساتھ روایتی دوستی اور تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ چین کے صدر نے کِم جونگ اٴْن کی حال ہی میں امریکی صدر کے ساتھ کامیاب ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ ملاقات میں جزیرہ نما کوریا میں قیامِ امن کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ شمالی کوریا سوشلٹ نصب العین کے مطابق ترقی کرتا رہے گا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔کِم جونگ اٴْن نے دونوں ملکوں کی روایتی دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ، ان کی پارٹی اور عوام چین کے ساتھ قابلِ قدر دوستی اور تعلقات کو فروغ دیتے رہیں گے۔شمالی کوریا جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک رکھنے کے عمل میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چین کیساتھ مل کر خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کیلئے کوشش کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :