دورہ زمبابوے ، محمد حفیظ اور جنید خان کو خوشخبری ملنے کا امکان

شان مسعود کو ”موقع “ ملنے کا امکان ،محمد عامر کو آرام دینے کی تجویز زیر غور

بدھ 20 جون 2018 13:39

دورہ زمبابوے ، محمد حفیظ اور جنید خان کو خوشخبری ملنے کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جون 2018 ء) قومی سلیکشن کمیٹی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب اگلے دو دن میں کرے گی۔ بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد آل راﺅنڈر محمد حفیظ کی پاکستانی ون ڈے ٹیم میں واپسی یقینی ہے جب کہ فاسٹ باﺅلر جنید خان بھی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔

انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بدھ کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔ تینوں سلیکٹرز توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر بھی لاہور پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر رومان رئیس، آل راﺅنڈر عماد وسیم اور لیگ سپنر یاسر شاہ بدستور ان فٹ ہیں تینوں کی سلیکشن پر غور نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم ون ڈے سیریز میں ان کی شمولیت ہوسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے آئی سی سی کی جانب سے بولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے۔ اظہر علی ، فخر زمان اور امام الحق کی موجودگی میں اوپنرشان مسعود بھی پاکستان ٹیم میں شمولیت کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ شان مسعود نے گذشتہ سیزن میں رنز کے ڈھیر لگا دیئے تھے لیکن وہ ان فٹ ہونے کی وجہ سے انگلینڈ اور آئر لینڈ کی ٹیسٹ سیریز میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔

اب شان مسعود مکمل فٹ ہو چکے ہیں۔ اظہر علی کی خراب بیٹنگ فارم کی وجہ سے شان مسعود کو ان پر ترجیح دی جاسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی میچوں میں احمد شہزاد کی غیر مستقل مزاج کارکردگی سے ٹیم انتظامیہ خوش نہیں ہے جب کہ فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دینے کی تجویز ہے تاہم مکی آرتھر اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ عامر کو آرام دیا جائے یا انہیں ون ڈے ٹیم میں بھی شامل کیا جائے۔