امریکا اور یورپ کا تہذیب کاماڈل ایک جیسا نہیں ہے،فرانس

صورت حال دھچکے کا باعث، ہمارا مقصد یورپی اقدار، امن اور آزادی کی اقدار کا دفاع کرنا ہے، فرانسیسی ترجمان بینجِمن گریوو 2015کے بعدلاکھوں مہاجرین کو پناہ دینا یورپ کی بڑی غلطی ہے، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 20 جون 2018 14:37

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) فرانسیسی حکومت نے والدین سے بچوں کی علیحدگی بارے امریکی موقف پر کہا ہے کہ امریکا اور یورپ کا تہذیب کاماڈل ایک جیسا نہیں ہے،یہ صورت حال دھچکے کا باعث ہے، یقینی طور پر ہمارا مقصد یورپی اقدار، امن اور آزادی کی اقدار کا دفاع کرنا ہے،2015کے بعدلاکھوں مہاجرین کو پناہ دینا یورپ کی بڑی غلطی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میکسیکو سے غیر قانونی طور پر امریکا آنے والے کنبوں کے بچوں کو ان کے والدین سے الگ کرنے کی امریکی پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوئے فرانسیسی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اور یورپ کی تہذیبوں میں فرق ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فرانسیسی حکومت کے ترجمان بینجِماں گریوو کے حوالے سے منگل کے دن بتایا ہے کہ امریکا اور یورپ کی تہذیب کے تصورات ایک جیسے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا کی سخت امیگریشن پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یورپ میں ویسا ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا ہوں، جیسا کہ امریکا میں ہو رہا ہے۔ تہذیب کے تصورات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں کچھ اقدار ایسی ہیں، جو یورپ میں نہیں پائی جاتیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی امیگریشن کی اس پالیسی پر سخت تنقید کا سامنا ہے، جس کے تحت وہ میکسیکو سے امریکا آنے والے تارکین وطن کے کنبوں کے بچوں کو ان کے والدین سے الگ کر کے ریاستی تحویل میں دے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی حکومت نے ایسے درجنوں بچوں کو ان کے والدین سے الگ کر کے میٹل کے بنے بڑے بڑے احاطوں میں رکھا ہوا ہے۔ فرانسیسی حکومت کے ترجمان بینجِماں گریوو نے اس تناظر میں کہا ہے کہ یہ صورت حال دھچکے کا باعث ہے، یقینی طور پر ہمارا مقصد یورپی اقدار، امن اور آزادی کی اقدار کا دفاع کرنا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مہاجرین کے بحران پر یورپی رہنماں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سن دو ہزار پندرہ کے بعد لاکھوں مہاجرین کو یورپ آنے کی اجازت دے کر یورپ نے ایک بڑی غلطی کی ہے۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کو مہاجرین کا کیمپ نہیں بننے دیں گے۔ ٹرمپ نے جرمن سیاسی منظر نامے کے حوالے سے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کے بحران کی وجہ سے عوام حکومت کے خلاف ہو رہے ہیں اور انگیلا میرکل کی قیادت میں وسیع تر مخلوط حکومت خطرے میں پڑ گئی ہے۔