کرم ایجنسی (ضلع)‘ حلقہNA-46 سے واحد خاتون اٴْمیدوارکے کاغذات نامزدگی درست قرار دیدیئے گئے

بدھ 20 جون 2018 15:12

بانڈہ داؤدشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) کرم ایجنسی (ضلع)سے قومی اسمبلی کے حلقہNA-46 سے واحد خاتون اٴْمیدواراور سابق بیوروکریٹ کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے کرعام انتخابات میں حصہ لینے کی منظوری دے دی گئی۔قومی اسمبلی کے اس حلقے سے علی بیگم سمیت کل 30 اٴْمیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے تھے جن میں چوبیس(24) اٴْمیدواروں کے کاغذات درست اور مکمل قرار دے کراٴْمیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی۔

کرم ایجنسی کے حلقہ NA-46 سے عام انتخابات میں حصہ لینے والی واحد خاتون اٴْمیدوارپر دہری شہریت کا الزام تھا لیکن اٴْنہوں نے پاکستان آمد سے قبل ہی اپریل میں امریکی پاسپورٹ جمع کرکے امریکی شہریت ختم کردی تھی۔اس ضمن میں علی بیگم نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ اٴْنہوں نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ ہی تمام مطلوبہ کاغذات پہلے ہی لگالئے تھے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز اپنی ٹویٹ پیغام میں سابق بیوروکریٹ اور قومی اسمبلی کی واحدخاتون اٴْمیدوار نے کہا کہ وہ ایک تعلیم یافتہ خاتون ہیں اورکئی اعلیٰ سرکاری عہدوں پر رہ چکی ہیں اور قانون سے بخوبی واقف ہونے کے ساتھ ساتھ قانون کی پاسداری کرنے والی شہری ہیں۔

اپنی ٹویٹ میں اٴْنہوں نے کہا کہ وہ اللہ کا شکراداکرتی ہیںکہ اٴْنہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔یادرہے کہ کرم ایجنسی (ضلع) سے پہلی بار خاتون اٴْمیدوار عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہی ہیں اور باقاعدہ طورپرسیاسی مہم چلارہی ہیں۔اٴْن کی خواہش ہے کہ وہ علاقے میں صحت‘ تعلیم کے ساتھ ساتھ خواتین کے حقوق کے لئے مؤثر کردار اداکریں۔اپنی ٹویٹ میں علی بیگم نے کہا کہ وہ نسلی امتیاز‘ رنگ و نسل اور تفرقے اور مذہبی تعصب سے آزاد اٴْمیدوار ہیں۔