بھارت، حج ہائوس کے امام قاری غلام یحییٰ دہشت گردی کے الزام سے باعزت بری

بدھ 20 جون 2018 15:21

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) ممبئی ہائی کورٹ نے حج ہائوس کے امام قاری غلام یحیی کو دہشت گردی کے الزام سے با عزت بری کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں واقع حج ہائوس میں امامت کرنے والے قاری غلام یحیی کو ممبئی ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتہ دہشت گردی کے الزامات سے بری کئے جانے والے نچلی عدالت کے فیصلہ کی تصدیق کردی ۔

(جاری ہے)

غلام یحیی نے جمعیت علمائے مہاراشٹر میں ارشد مدنی کے دفتر پہنچ کر صدر جمعیت علما مہاراشٹر مستقیم اعظمی، سیکریٹری قانون امداد کمیٹی گلزار اعظمی، ناظم نشرو اشاعت عار ف عمری، لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ شاہد ندیم انصاری اور دیگر اصحاب سے ملاقات کرکے انہیں بروقت قانونی امداد پہنچانے پر جمعیت علما کا شکریہ ادا کیا۔ غلام یحیی نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کے الزام میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ان کی بدنامی ہوئی ، انہیں ملازمت سے معطل بھی کردیاگیا تھا ۔ اب جبکہ ممبئی ہائی کورٹ نے باعزت بری کردیا ہے ان کی خواہش ہے کہ ان کی ملازمت بحال کی جائے اور بقایہ جات ادا کئے جائیں۔