یمن، الحدیدہ کی شہری آبادی پر حوثی ملیشیا کی شدید بمباری

شہری آبادی کونشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین بالخصوص جنیوا معاہدے اور شہری تحفظ کے ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے

بدھ 20 جون 2018 15:21

الحدیدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) ایران نواز حوثی شدت پسندوں نے بد ترین شکست کا بدلہ یمن کے شہر الحدید کی شہری آبادی پر شدید بمباری سے چکایا، شہری آبادی کونشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین بالخصوص جنیوا معاہدے اور شہری تحفظ کے ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔بین الاقوامی ذرائع کے مطابق ایران نواز حوثی شدت پسندوں کو ساحلی شہر الحدیدہ میں بدترین شکست اور دبائوکا سامنا ہے۔

سرکاری فوج کو پسپا کرنے میں ناکام حوثی باغیوں نے شہری آبادی کو گولہ باری سے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایک فوٹیج جاری کی ہے جس میں حوثی ملیشیا کو ٹینکوں کے ذریعے آبادی پرگولہ باری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد اور سرکاری فوج نے حوثیوں کی گولہ باری پر نظر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی حمایت یافتہ حوثی عناصر الحدیدہ ہوائی اڈے کے شمال مغرب میں واقعہ تہامہ کے علاقے میں شہری آبادی کو گولہ باری سے نشانہ بنا رہے ہیں۔عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے اپنے مذموم جنگی مقاصد کے لیے شہری آبادی کونشانہ بنایا بین الاقوامی قوانین بالخصوص جنیوا معاہدے اور سنہ1949 کو منظور ہونے والے جنگوں کے دوران شہری تحفظ کے ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔