آزادخطہ کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے فاروق حیدر کی سربراہی میں ماڈل اسٹیٹ بنانے کے خواب کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھ رکھی‘ کشمیر کونسل کے خاتمہ اور تمام اختیارات آزاد حکومت کو منتقل کرنے پر وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان مبارکباد کے مستحق ہیں

آزادکشمیر کے وزیر سپوٹس یوتھ اینڈ کلچر ، ایم ڈی اے ، منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی چودھری محمد سعید کی بات چیت

بدھ 20 جون 2018 15:50

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) آزادکشمیر کے وزیر سپوٹس یوتھ اینڈ کلچر ، ایم ڈی اے ، منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی چودھری محمد سعید نے کہا ہے کہ آزادخطہ کو مسلم لیگ ن کی حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر کی سربراہی میں ایک ماڈل اسٹیٹ بنانے کے خواب کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھ رکھی ۔ کشمیر کونسل کے خاتمہ اور تمام اختیارات آزاد حکومت کو منتقل کرنے پر وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ریاست میں ان جیسا نڈر دلیر اور دیانتدار وزیر اعظم کوئی نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کیآمدہ الیکشن میں ن لیگ دوبارہ کارکردگی کی بنیا د پر کامیاب ہو کر وفاق سمیت پنجاب ،خیبرپختو نخواہ میںحکومت بنائے گی ۔نئے مالی سال میں ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر ماضی کی تمام زیادتیوں کا ازالہ کرنے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھانے کی پالیسی طے کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

میرپور شہر کو حقیقی معنوں میں آزادکشمیر کا ایک ماڈل سٹی بنانے کے مرحلہ وار منصوبہ پر تیزی سے عمل جاری رکھتے ہوئے 2017-18 کے ترقیاتی اہداف سوفیصد مکمل کرکے آزاد خطہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی گئی ہے اور نئے مالی سال 2018-19 کے دوران میرپور میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی نئی عمارت جو تکمیل کے مراحل میں ہے کا افتتاح کر دیا جائے گا جبکہ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈ یالوجی کی ترقی و بہتری کے لیے کروڑروپے کی لاگت سے انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کا آغاز کر دیا جائے گا اسی طرح سوئی گیس کی فراہمی کے لیے بن خرماں ، تھوتھال سمیت دیگر شہر سے ملحقہ آبادیو ں کو ہزاروں گیس کنکشن فراہم کیے جائیں گے اور پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد میرپور کے لیے سوئی گیس آفس کا افتتاح بھی ہوجائے گا ۔

بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پا لیا ہے ۔صاف پینے کاپانی بھی ہر گھر میں ہر شہری کو ملے گا۔ ٹیوب ویلز کے موٹروں کی خرابی اور کم وولٹیج سے پانی کی ترسیل میں دشواری آ رہی ہے ۔شہر کی سڑکوں کی تعمیر جاری ہے جو سیکٹر رہ گئے ہیں ان کی بھی جلد سڑکیں تعمیر ہونگی۔ ہال روڈ کی تعمیر بھی جلد کریں گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملنے والے شہریوں کے مختلف وفود سے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر حکومت چودھری محمد سعیدنے کہاکہ گزشتہ انتخابات کے دوران کیے گئے تمام وعدئوں کی تکمیل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ کشمیر کونسل کے خاتمہ اور تمام اختیارات آزاد حکومت کو منتقل کرنے پر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید خان مبارکباد کے مستحق ہیں اور اس سے آزادحکومت کو مزید مالی اختیارات حاصل ہونے سے جہاں آزاد خطہ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہو گا وہاں حکومت لوگوں کو روز گار کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات اٹھانے سے عوام کو بڑاریلیف ملے گا ۔

انھوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں شہر کے کئی سکولوں کی نئی عمارتوں کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے گریٹر واٹر سپلائی سکیم بھی شروع کی جائے گی ۔منگلا ڈیم ہائوسنگ اتھارٹی کے زیراہتمام بن خرماں سے نیوسٹی کوملانے والی رابطہ سڑک کاسنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ اس منصوبہ پر 2 کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ ہونگے۔ منصوبہ کی تکمیل سے بن خرماں سے نیوسٹی تک سڑک کی سہولت میسر آنے سے اہلیان بن خرماں اور نیوسٹی کے درمیان سفری مسافت کم ہو جائے گی۔

وزیر حکومت نے کہا میرا تعلق میرپور سے ہے اور میرپور کے لوگوں کے مسائل حل کروانا میری ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا بعض کاموں میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے لیکن شہری اطمینان رکھیں اور صبر کا مظاہرہ کریں تمام کام ان کی دہلیز پر ہونگے۔وزیر حکومت نے کہا کہ تمام شہر کی سڑکیں معیاری بنا رہے ہیں مخالفین کی باتوں کی کوئی پروا نہیں ہے ایک ایک پائی لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں پر خرچ ہو رہے ہیں ہم خوش نصیب ہیں کہ راجہ فاروق حیدر جیسا دلیر اور ایماندار وزیر اعظم ملا ہے جن کی ہر ممکن کوشش ہے کرپشن سے پاک خطہ کو پروان چڑھایا جائے۔