سندھ پولیس میں جعلی بھرتیوں کا معاملہ، سپریم کورٹ نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 28 جون تک ملتوی کردی

بدھ 20 جون 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) سندھ پولیس میں جعلی بھرتیوں کا معاملہ، سپریم کورٹ نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں لاجر بینچ نے سندھ پولیس میں جعلی بھرتیوں کے معاملے پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ تمام پولیس افسران کے خلاف تحقیقات مکمل ہوگئی ہے صرف 8 افسران کے خلاف انکوائری کا عمل التوا کا شکار ہے جو جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران معاملے پر عدالت کا اپنے ریماکس میں کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے جعلی بھرتیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرلی ہے، جس پر شاباشی بھی ملی تھی۔اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ سندھ حکومت نے جعلی بھرتیوں میں ملوث افسران کے خلاف رپورٹ جمع کرادی ہے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔عدالت کا ریماکس میں مزید کہنا تھا کہ ان تمام پولیس افسران کے خلاف کارروائی سپریم کورٹ کے حکم نامے کے تحت کیا جائے۔عدالت نے معاملے پر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔