بھارت نے مقبوضہ وادی میں بربریت کی تمام حدیں عبور کردی ہیں‘ معروف صحافی شجاعت بخاری کا قتل عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے، اقوام عالم نے اب بھی اگر آنکھیں نہ کھولیں تو دنیا میں قیام امن محض ایک خواب ہی رہے گا

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما، ممبرکشمیرکونسل میریونس کی میڈیا سے بات چیت

بدھ جون 16:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما، ممبرکشمیرکونسل میریونس نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں بربریت کی تمام حدیں عبور کردی ہیں، معروف صحافی شجاعت بخاری کا قتل عالمی ضمیر کو جھجھوڑ رہا ہے، اقوام عالم نے اب بھی اگر آنکھیں نہ کھولیں تو دنیا میں قیام امن محض ایک خواب ہی رہے گا، کیونکہ بھارت جمہوریت کی آڑ میں کشمیریوں کے حقوق کا غاصب ملک ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے، معصوم بچوں پر پیلٹ کا استعمال، خواتین کی عصمت دری، نوجوانوں پر بلاجواز وحشیانہ تشدد اور ان کی گرفتاریاں عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے، بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو کر عالمی امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نیکہاکہ کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے بار بار خلاف ورزی کرنا بھارتی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے اپنے جتن آزما لیے مگر وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکا، نہ کر سکے گا کیونکہ بھارت کے جدید اسلحہ کے سامنے کشمیریوں کے ڈنڈے حاوی ہوچکے ہیں، بھارتی مظالم بڑھنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کا جذبہ آزادی تیزتر ہوتا جا رہا ہے، اس لیے ہم عالمی برادری اور عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی مظالم بند اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوائیں ورنہ دنیا میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا، انہوں نے کہا کہ ہم شجاعت بخاری کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر دلانا چاتہیں تاکہ دنیا کا امن تباہ ہونے سے بچ سکے۔