افغانستان،طالبان حملہ،

9پولیس اہلکار جاں بحق ،2لاپتہ،حکام حملوں میں 19 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے، طالبان کا دعویٰ

بدھ 20 جون 2018 16:49

قندوز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) افغان صوبہ قندوز میں طالبان دہشت گردوں کے حملوں میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ 2لا پتہ ہوگئے۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں طالبان دہشت گردوں کے حملوں میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق صوبائی حکومت کے ذرائع نے 2 پولیس اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کا بھی بتایا ہے، یہ حملے طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر کی گئی سہ روزہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد کیے گئے ہیں، قندوز صوبے کے ضلع دشت آرچی میں کیے جانے والے حملوں کا نشانہ 2 پولیس چیک پوسٹیں تھیں۔

ان حملوں میں 7 سے زائد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں 19 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اس سے قبل افغان حکومت نے طالبان کے ساتھ جنگ بندی کی مدت میں 10 دن کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔