موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے ،ْوزیر داخلہ

پاکستان قدرتی آفات کے خطرات سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے ،ْمحمد اعظم خان کا خطاب

بدھ جون 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) نگران وزیر داخلہ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درپیش مسائل پر قابو پانے کے لئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے ،ْ پاکستان قدرتی آفات کے خطرات سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ وہ بدھ کو یہاں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے زیر اہتمام ناگہانی آفات اور ان سے نمٹنے کے طریقوں و تجربات کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان آفات کے خطرات سے دوچار انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور آفات کے خطرات میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ آفات کے انتظام کے لئے سرگرم اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے بھی تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات کی وجہ سے بھاری نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں تاہم اب یہ اپنے تجربات سے سیکھنے کے بعد اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے قابل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آفات کے خطرات میں کمی لانے کے لئے این ڈی ایم اے کی مدد کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر داخلہ نے آفات کے خطرات سے نمٹنے سے متعلق اس اہم کانفرنس کا اہتمام کرنے پر این ڈی ایم اے کو سراہا اور کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پاکستان کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لئے مکینزم تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قدرتی آفات کے انتظام کے حوالے سے نمایاں پیشرفت کی ہے۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا سسٹم بہتر ہوا ہے، اس حوالے سے تیار نظام آفات کے متاثرین کی مدد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر ایگناسیو ایرتضا نے کہا کہ اقوام متحدہ قومی، صوبائی اور مقامی سطحوں پر قدرتی وسائل کے انتظام اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی کوششوں میں تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر تھامس کولی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان سیلابوں اور دیگر ناگہانی آفات سے نمٹنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے قدرتی حسن کو بھی اجاگر کیا۔

متعلقہ عنوان :