کراچی ،چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی زیر نگرانی شجرکاری مہم جاری

بدھ 20 جون 2018 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ اور کراچی میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے ضلع شرقی میں شجرکاری مہم جاری ہے، دن گزرنے کے ساتھ اس مہم کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں، حیرت انگیز طور پر شہر میں صدیوں پرانے دیو ہیکل درخت موجود ہیں جو اس بات کے عکاس ہیں کراچی کا ماضی ہرا بھرا تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی کالونی میں سو سال سے زائد قدیم درخت کے گردونواح میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ اسوقت گلوبل وارمنگ صرف پاکستان یا کراچی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ دنیا اس کی لپیٹ میں ہے ہمارا فرض بنتا ہے کہ شجرکاری کو جتنا فروغ دے سکتے ہیں دیا جائے ہر شہری پودوں کی افزائش یہ سوچ رکھتے ہوئے کرے کہ شجر لگانا صدقہ جاریہ ہے تو کچھ ہی عرصے میں شہر ہرا بھرا دکھائی دے گا انہوں نے این جی اوز کے تعاون سے شجر کاری مہم کو خوش آئند قرار دیا انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے پودوں کی افزائش کی جائے جو کہ ماحولیاتی اعتبار سے بھی سازگار ہوں اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پارک جمشید زون اقبال شیخ، یوسی نمائندگان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔