چوہدری نثار آئیں اور قوم کو حقیقت بتادیں ، چونتیس سال کے جرم سے وہ بھی بری الذمہ نہیں ہوسکتے ‘ پرویز رشید

اب مسلم لیگ (ن) کیلئے مشکلات اورامتحان کا زمانہ ہے ،ہر امتحان کے وقت چوہدری صاحب ایسے ہی رویہ اختیار کرتے ہیں

بدھ 20 جون 2018 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور قوم کو حقیقت بتادیں لیکن چونتیس سال کے جرم سے وہ بھی بری الذمہ نہیں ہوسکتے ،اب مسلم لیگ (ن) کے لیے چونکہ مشکلات اورامتحان کا زمانہ ہے اور ہر امتحان کے وقت چوہدری صاحب ایسے ہی رویہ اختیار کرتے ہیں وہ گرم ہوا کے پرندے نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہباز نثار ملاقاتوں کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہوسکتا ہے شہبازشریف سے وہ ملاقاتیں چوہدری نثار کی صرف خواہش ہوں اور اس خواہش پرخبریں بن کر اخبار میں چھپ گئی ہوں اور یہ بات میں ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں۔ایک سوال پر پرویزرشید نے کہا کہ انتخابی ٹکٹ کے لیے پارلیمانی بورڈ میں ہرکوئی پیش ہوا ۔شہباز صاحب پارٹی کے صدر ہوتے ہوئے بھی اپنے آپ کو پارٹی ڈسپلن میں سمجھتے ہیں ، پارٹی ٹکٹ مانگتے ہیں اور انٹرویو کے لیے پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوتے ہیں جبکہ نثار صاحب اس سارے عمل کو اپنے لیے توہین سمجھتے ہیں ۔