بھارتی حکمرانوںکی ہٹ دھرمی کے باعث خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے ،ْ میر واعظ فورم

حریت فورم کا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں شہید ہونیو الے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت

بدھ جون 17:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں شہید ہونیو الے نوجوانوں دانش خالق ،عادل احمد اور قاسم کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ بھارت کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ہر طرح کے غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے برائے کار لا رہا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں روز انسانی خون سے ہولی کھیلی رہی ہیں اورکشمیریوں کو شدید قسم کے مصائب اور تشدد کا شکار بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور منفی طرز عمل کی وجہ سے خطے کا امن بری طرح سے دائو پر لگا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیر کو مراعات یا انتظامی مسئلہ سمجھنے کے بجائے اسے کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنے کے اقدامات کرے۔

انہوںنے کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے حریت رہنما عبدالقیوم متو اور دیگر آٹھ نوجوانوں کی کالے قانونی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار ی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کسی صورت دبایا نہیںجا سکتا۔ انہوں نے مقبوضہ وادی کے معروف قلمکار، مصنف اور دانشور غلام نبی گوہر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی معاشرتی ،دینی اور ادبی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔

جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھی شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے بے گناہ کشمیریوں کی جانوں کے زیاں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی چیرہ دستوں کی وجہ سے کشمیری نوجوان عسکریت کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ ترجمان نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک رہائشی مکان کو بارود کے ذریعے اڑانے کی شدید مذمت کی۔