تارکین وطن کے بچوں کے حوالے سے پالیسی، نیویارک کا ٹرمپ انتظامیہ پرمقدمے کا اعلان

خاندانوں کو جدا کرنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی اخلاقی پستی اور انسانی المیہ ہے ،ْامریکی صدر کے سیاسی حریف اینڈریو کیو مو کی گفتگو

بدھ 20 جون 2018 18:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے اعلان کیا ہے کہ ان کی ریاست غیرقانونی طور پر امریکی سرحد عبور کرنے والے تارکین وطن کے بچوں کو والدین سے جدا کرنے سے متعلق پالیسی پر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ پر مقدمہ کرے گی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار اور امریکی صدر کے سیاسی حریف اینڈریو کیومو نے مقدمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خاندانوں کو جدا کرنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی اخلاقی پستی اور انسانی المیہ ہیکیومو نے کہا کہ سرحد پر بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرنے کا عمل امریکی آئین، امریکی سپریم کورٹ اور 1997 کے قانونی معاہدے کی خلاف ورزی ہے، جس کے تحت تارکین وطن کے بچوں سے سلوک کے حوالے سے معیار قائم کیا گیا ہے۔

کیومو کا کہنا تھا کہ وہ متعدد ریاستی ایجنسیوں کو ہدایات جاری کریں گے کہ وہ ریاست نیویارک کے 10 فیڈرل شیلٹرز میں موجود 70 کے قریب بچوں کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کریں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کے ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ دستیاب نہ ہوسکے۔