شہید بے نظیر بھٹو کا یوم ولادت( آج) پاکستان کے چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ، فاٹا ، مالا کنڈ سمیت ریاست جموں وکشمیر عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

بدھ جون 18:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، پی پی پی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کی خصوصی ہدایت پر سابق وزیراعظم پاکستان دختر مشرق پیپلزپارٹی کی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا یوم ولادت آج پاکستان کے چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ، فاٹا ، مالا کنڈ سمیت ریاست جموں وکشمیر بھر اور دنیا بھر میں انتہائی عقیدت و احترام نظریاتی جوش و خروش اور اس تجدید عہد کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ جب تک ملک میں استحصال ، جہالت ، فرسودگی ،دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ، طبقاتی نظام تعلیم اور دہشت گردی کا خاتمہ نہیںہوتا تب تک ہماری پرامن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی ،21 جون کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر تمام بڑے اور چھوٹے شہروں ، قصبوں ، دیہاتوں میں پروقار تقریبات منعقد ہونگی جن میں پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ، دختر مشرق بے نظیر بھٹو شہید کے قومی اور عالمی کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے ، پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہونے والی تقریبات کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی جملہ تنظیمیں اور پارٹی کارکن پروقار تقریبات میں خود بھی شریک ہوں اور عوام کو بھی شریک کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، کیونکہ اس وقت پاکستان میں عام انتخابات کا دور دورہ ہے اور ایسے حالات میں شہید بھٹو عزم اور شہید بے نظیر بھٹو مشن کی تراویج کو نئی نسل تک روشناس کرانا ناگزیر ہے اس کا مقصد قومی وقار ، ملکی مفاد کو تقویت پہنچانا ہے شوکت جاوید میر نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد میں سالگرہ کی مرکزی تقریب پیپلز سیکرٹریٹ چھتر میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر ہونگے اس طرح پورے آزاد کشمیر اور پاکستان میں سالگرہ کی پروقار تقریبات میں مرکزی قائدین شرکت کرینگے ، جو مضبوط وفاق ، جمہوریت کے استحکام ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی ، دہشت گردی لاقانونیت کے خاتمے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لئے پوری قوم کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے سائے میں جمع کرنے کے لئے پارٹی اپنا قومی کردار ادا کریگی ۔