Live Updates

پاکستان ریلوے کو ماہ رمضان اور عید الفطر پر 42کروڑ 18 لاکھ کی ریکارڈ آمدن ہوئی

ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ،ہر برس بہتر ہوتے ہوئے ریونیو کے اعداد وشمار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا

بدھ 20 جون 2018 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پاکستان ریلوے کو ماہ رمضان اور عید الفطر پر 42کروڑ 18 لاکھ کی ریکارڈ آمدن ہوئی ۔پاکستان ریلوے کے رمضان اور عید پیکج پر ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ہر برس بہتر ہوتے ہوئے ریونیو کے اعداد وشمار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں کرایوں میں بیس فیصد رعائیت پر مسافروں کا مثبت ردعمل سامنے آیا اور ریلوے کے ریونیو میں ستر ملین کے قریب اضافہ ہوا ،گذشتہ برس کے 35کروڑ 30لاکھ ریونیو کے مقابلے میں 42کروڑ 18 لاکھ کی آمدن ہوئی ، عید الفطر کے پہلے اور دوسرے دن تیس فیصد رعائیت اور سروسز کے معیار میں بہتری پر 2017ء میں 76ملین کے مقابلے میں 2018ء میں 103ملین کی ریکارڈ آمدن ہوئی ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بزرگ شہریوں کا مفت سفر کی سہولت کے اعلان پر بھی زبردست ردعمل سامنے آیا اور دو ہزار سے زائد بزرگ شہریوں نے ملک بھر میں مفت سفر کیا اور پاکستان ریلوے کی انتظامیہ کو سراہا،ساڑھے تین سو سے زائد بزرگ شہریوں نے گھر بیٹھے مفت آن لائن سیٹ بکنگ کی سہولت بھی حاصل کی، لاہور سے 587، کراچی سے 298، سکھر سے 296، ملتان سے 199، راولپنڈی سے 175، پشاور سے 53 اور کوئٹہ سے 21 بزرگ شہریوں نے بالکل مفت سفر کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل جنرل مینیجر ٹریفک پاکستان ریلویز عبدالحمید رازی نے کہا کہ ریونیو اور مسافروں کی تعداد میں اضافہ پاکستان ریلوے پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان ریلوے کے کارکنوں نے رمضان اور عید الفطر کے موقعے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات