اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بیچ سائیکلنگ چیمپئن شپ تاریخی انداز میں منعقد ہوگی، عابد علی ایڈووکیٹ

بدھ 20 جون 2018 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) وفاقی وزارت نارکوٹکس کنٹرول اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان کے ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے زیر اہتمام 24جون کو سی ویو کلفٹن پر’’ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بیچ سائیکلنگ چیمپئن شپ‘‘کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ۔ کلفٹن کے ساحل پر ریت اور پانی پر ہونی والی تین سائیکل ریسیں ہونگی جس میں 50سے زائد کراچی کے تیز رفتار ترین سائیکلسٹ شرکت کریں گے ۔

یہ بات گزشتہ روز (بدھ)کو سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائیکورٹ اور چمپئن شپ کے چیف آرگنائزر و جنرل سیکریٹری سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن ملک کلیم احمد اعوان نے ایک خصوصی بریفنگ میں بتائی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے اس سلسلے میں منتظمین کو تمام سہولیات فراہم کردی ہیں، کراچی پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

(جاری ہے)

عابد علی ایڈووکیٹ نے آج چمپئن شپ کے مقام کا دورہ کیا اور سائیکلسٹوں کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔ کلیم اعوان نے بتایاکہ اس چمیپئن شپ میں ریت و پانی میں 5کلومیٹر اسپیڈ ریس،3کلومیٹر زگ زیگ ریس اور 2کلومیٹر سرکل ریسز ہونگی۔عابد علی ایڈووکیٹ نے انٹرنیشنل سائیکلسٹ جمعہ خان بلوچ کو چیف جج اور محمد سہیل بلوچ کو چیف آفیشل مقرر کیا ہے۔