پاکستان اقتصادی راہداری سے بھرپور استفادہ کرے،ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

بدھ 20 جون 2018 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سی پیک جیسے عظیم الشان منصوبے دنیا کی تاریخ میں کم ہیں جس سے پاکستان کو بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔چین اور امریکہ کے مابین تجارتی جنگ سے پاکستان پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا مگر اسکی اہمیت میں کافی اضافہ ہو جائے گا۔سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی ، اضافی دفاعی صلاحیت،بہتر داخلی سیکورٹی، محاصل میں بڑھوتری اور بین الاقوامی ساکھ کا ضامن ہے جو بھارت اور امریکہ سمیت کئی ممالک کو قبول نہیں۔

سی پیک سے پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے اور خودکفالت کا سفر آسان ہو جائے گا جبکہ علاقائی سیاست کا منظر نامہ تبدیل ہو جائے گا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سی پیک سے پاک چین تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں اور اس منصوبے سے پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ اور غربت میں کمی ممکن ہو جائے گی جبکہ خطے میں چین کے اثر رسوخ میں اضافہ ہو گا جبکہ بھارت کی پوزیشن کمزور ہو جائے گی جو اس خطے کی سیاست میں اہم تبدیلی ہو گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی کامیابی کیلئے پاکستان کا پرا من ہونا ضروری ہے جسکے لئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔سی پیک ایسا تاریخی منصوبہ ہے جس میں بھارت کی مخالفت کے باوجود اسکے بہت سے دوست ممالک بھرپور شرکت کر رہے ہین جس نے نئی دہلی میں بھارتی منصوبہ سازوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں۔