سکھر، حفظان صحت کے اصولوں کے منافی کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری

بدھ 20 جون 2018 18:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر چند روز قبل سکھر میونسپل کارپوریشن کے فوڈ انسپکٹر امداد شیخ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سے ملاوٹ شدہ اور حفظان صحت کے اصولوں کے منافی کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف کاروائیاں عمل میں لائی گئی تھی تاکہ شہریوں کو معیاری اشیاء خوردو نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے جبکہ کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے اشیاء خورد و نوش کے 33 نمونے بھی حاصل کئے گئے تھے جنہیں ٹیسٹ کیلئے روہڑی فوڈ لیبارٹری ارسال کیا گیا تھا ‘ ان نمونوں میں سے چند کی رپورٹ فوڈ انالائز ز لیبارٹری کی جانب سے موصول ہوئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق دودھ کے 7 نمونے ناقص اور ملاوٹ شدہ پائے گئے ‘ ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سکھر میونسپل کارپوریشن کے فوڈ انسپکٹر امداد علی شیخ کو ہدایت کی ہے کہ غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف شہر بھر میں کا روائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ لوگوں کو صاف ستھری اور معیاری اشیاء خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے نیز حفظان صحت کے اصولوں اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیائے خوردو نوش کی فروخت کسی صورت میں قابل برداشت نہیں ‘ ملاوٹ شدہ اور مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء کے مسئلے کو شہریوں کے تعاون سے ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ سکھر میونسپل کارپوریشن صحتمند اور خالص اشیاء خوردو نوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔

متعلقہ عنوان :