پارٹی خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے،آصف زرداری

پاکستان کی تمام خواتین کو یقین دلاتے ہیں انہیں ہر قسم کے استحصال، امتیازی سلوک اور تشدد سے نجات دلانے کی ہر جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں، محترمہ بینظیر بھٹو کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

بدھ 20 جون 2018 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارٹی خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور خواتین کے حقوق مذہب کے نام پر غصب کرنے کو مسترد کرتی ہے۔

اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ آج دو مرتبہ منتخب وزیراعظم، خواتین کے حقوق کی علمبردار، مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی 65ویں سالگرہ ہے۔ پارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ انتہاپسندوں، مردوں کی سبقت پر یقین رکھنے والوں اور مذہبی ٹھیکیداروں کی مخالفت کرتی رہے گی جو خواتین کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے سے روکنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہم پاکستان کی تمام خواتین کو یقین رکھنے والوں اور مذہبی ٹھیکداروں کی مخالفت کرتی رہے گی جو خواتین کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے سے روکنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر ہم پاکستان کی تمام خواتین کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں ہر قسم کے استحصال، امتیازی سلوک اور تشدد سے نجات دلانے کی ہر جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی حمایت کرتے رہیں گے۔

سابق صدر نے اس جدوجہد میں شریک تمام بہادر مرد اور خواتین کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے صنفی برابری کے اصول پر کاربند رہنے کا عزم بھی کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ہم ان تمام لوگوں کو زبردست خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے جمہوری جدوجہد اور عسکریت پسندی اور شدت پسند عناصر سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور صعوبتیں برداشت کیں۔