عام انتخابات میں نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، گورنر سندھ

نوجوان عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیکر صحیح نمائندوں کے انتخاب کو یقینی بناسکتے ہیں، محمد زبیر

بدھ 20 جون 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہونے والے انتخابات ملکی تاریخ کے روش مستقبل کا تعین کریں گے، جس میں نوجوان اہم کردار دا کرسکتے ہیں، ملک کی کل آبادی کے 60فیصد سے زائد نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، یہ نوجوان عام انتخابات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لیکر عوام کی بہتر انداز میں رہنمائی کرسکتے ہیں، قوم کو اپنے نوجواں سے قوی امیدیں ہیں، مجھے یقین ہے آج کا نوجوان قومی توقعات پر اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، ان خیالات کا انھوں نے گورنر ہاوس میں یوتھ پارلیمنٹ کے بانی و چیئرمین رضوان جعفر کی قیادت میں آنے والے 35رکنی وفد سے ملاقات میں کیا، گورنر سندھ نے مزید کہا ہے گزشتہ حکومت نے پانچ برس کے دوران ملک کو مستحکم کیا ، 2013میں پاکستان کے حالات انتہائی حد تک خراب ہوچکے تھے، صنعتیں بند ہورہی تھیں، کوئی سرمایہ کار یہاں آنے کے لیے تیار نہیں تھا، بے روزگاری بہت بڑھ چکی تھی، توانائی بحران کے باعث 16، 16گھنٹے تک بجلی غائب رہتی تھی، انتہائی مخدوش حالات میںگزشتہ حکومت کو اقتدار ملا، حالانکہ گزشتہ پانچ برس کے دوران ترقی کے دشمنوں نے باربار رخنہ ڈالاگیا کبھی دھرنے ، کبھی احتجاج تو کبھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، لیکن وژنری صلاحیتوں اور قومی جذبے س سرشار حکومت نے ملک کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا اور شب و روز محنت کرکے ملک کو خوشحالی کی سمت گامزن کرنے میں کامیاب رہی، آج کا پاکستان پر امن ، قومی معیشت مستحکم اور توانائی طلب سے زائد اور روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کاصحیح استعمال کرکے پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، اس ضمن میں نوجوانوں سے قوم کو بڑی امیدیں ہیں، نوجوانوں کو قوم کی رہنمائی کے لیے آگے آنا ہوگا، اور اچھے برے کی تمیز کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، جمہوریت کے تسلسل سے نمائندوں کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، انھوں نے کہا کہ آج کا نوجوان باشعور اور اپنے حقوق کا ادراک رکھتا ہے، یوتھ پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور ان کی سوچ میں پختگی پیدا کرتے ہیں، جس کے لیے یوتھ پارلیمنٹ کے بانی قائد رضوان جعفر مبارکباد کے مستحق ہیں۔