مرکزی انجمن تاجران حافظ آبادکے صدر شیخ محمد امجد ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے

بدھ جون 19:10

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) مرکزی انجمن تاجران حافظ آبادکے صدر شیخ محمد امجد اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ اس بات کا اعلان اُنہوں نے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری و اُمیدوار این اے 87چودھری شوکت علی بھٹی، اُمیدوار پی پی 70ملک فیاض احمد اعوان ، ضلعی صدر چودھری شعیب حیات تارڑاور ملک پھول اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

شیخ محمد امجد کا کہنا تھا کہ حافظ آباد میں مسلم لیگ(ن) کو چند قبضہ گروپوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔ پارٹی میں مخلص کارکنوں کی کوئی قدر نہیں اور یہی وجہ ہے کہ مقامی رہنما اور کارکن پارٹی چھورنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018کے لیے پی پی 70کے لیے اُس شخص کو ٹکٹ دیا گیا جس کی پارٹی سے کبھی بھی وابستگی نہیں رہی اور مسلم لیگ (ق) کے دورِ حکومت میں اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد ڈاکٹر مظفر علی شیخ کو کسی پارٹی نے قبول نہیں کیا تو اب مسلم لیگ(ن) نے اُسے اپنا اُمیدوار نامزد کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے سابقہ دور میں کبھی بھی تاجران کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی بھی اقدامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے تاجران میں مایوسی پائی جا رہی ہے اور اُنہوں نے اپنے ساتھیوں سمیت فیصلہ کیا ہے کہ حالیہ انتخابات میں وہ پی ٹی آئی کی ہر ممکن حمایت کریں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اُمیدوار این اے 87چودھری شوکت علی بھٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا ہر دور حافظ آباد کی تعمیر وترقی کا ایک روشن باب ہے اور انشاء اللہ وہ آئندہ بھی عوام کی بھرپور حمایت سے کامیاب ہو کر اس ضلع کی تعمیر وترقی ، تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرکے یہ ثابت کریں گے کہ ہماری سیاست عوامی خدمت پر منحصر ہوتی ہے جبکہ مخالفین نے ہمیشہ کرپشن اور قبضہ گروپوں کو ہی فروغ دیا ۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب عوام باشعور ہے اور وہ اپنا اور اپنے ملک کا بہتر فیصلہ کرنا جانتی ہے اور آئندہ کبھی بھی ن لیگ کے کرپٹ ٹولے کو قبول نہیں کرے گی۔پریس کانفرنس میں حافظ آبادکی پچانوے فیصد سے زائد تاجر تنظیموں کے صدور، سیکرٹریز اور دیگر رہنمائوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اور اُنہیں اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی۔