اٹارنی جنرل اشتر اوصاف اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے

عام انتخابات قریب ہیں جس کے باعث اٹارنی جنرل کے عہدے پر فائز رہنا میرے لیے درست نہیں ،ْ استعفیٰ کا متن اشتر اوصاف نے 29 مارچ 2016 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا

بدھ 20 جون 2018 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف نے اپنے عہدے استعفیٰ دیدیا ،ْاشتر اوصاف نے اپنا استعفیٰ منظوری کیلئے صدر ممنون حسین کو بھجوا دیا ہے۔انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان کے طور پر ذمہ داریاں نبھانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عام انتخابات قریب ہیں جس کے باعث اٹارنی جنرل کے عہدے پر فائز رہنا میرے لیے درست نہیں جبکہ عہدے پر موجود رہنے سے کوئی سیاسی جماعت میری موجودگی کو صاف اور شفاف الیکشن میں رکاوٹ سمجھ سکتی ہے۔

اشتر اوصاف نے 29 مارچ 2016 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔اشتر اوصاف نے نگران پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل عاصمہ حامد کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے چند گھنٹوں بعد استعفیٰ دیا ہے۔عاصمہ حامد کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنی حکومت کی مدت ختم ہونے سے دو روز قبل یعنی 29 مئی کو ایڈوکیٹ جنرل تعینات کیا تھا۔