حکومت پاکستان نے فوڈ سیکورٹی اور لائیو سٹاک کی بہتری کے منصوبے کی منظوری دیدی

بدھ 20 جون 2018 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) حکومت پاکستان نے فوڈ سیکورٹی اور لائیو سٹاک کی بہتری کی غرض سے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) اور وزارت قومی تحفظ خوراک اور تحقیق نے پاکستان میں منہ اور کھر کی بیماری پر قابو پانے کیلئے 6.6 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری وزارت قومی تحٖفظ خوراک و تحقیق فضل عباس میکن اور پاکستان میں ایف اے او کی نمائندہ مینا دولت چاہی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت عالمی ادارہ ملک میں اگلے چھ سال کے دوران منہ کھر کی بیماری پر قابو پانے کیلئے امداد فراہم کرے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مینا دولت چاہی نے کہا کہ ایف اے او اس معاہدے پر عمل درآمد کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ پاکستان میں تقریباً 8.5 ملین چھوٹے خاندانوں کا دار و مدار لائیو سٹاک پر ہے جو اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔