پختونوں کو عزت اور انکی جانی و مالی تحفظ کی فراہمی کیلئے ہر پلیٹ فارم پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، آفتاب شیر پائو

پختون قوم کی ایک بہت بڑی بد قسمتی تھی کہ ان پر پانچ سال پی ٹی آئی جیسے نا اہل حکمران مسلط ہوئے جنہوں نے صوبے کے عوام کومایوسیوں اور پریشانیوں میں دھکیل دیا، صوبے میں تین دفعہ حکومتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں نے عوام کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا ، عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب

بدھ 20 جون 2018 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہاہے قومی وطن پارٹی پختون قوم کی آواز ہے اور انکی جماعت پختونوں کو عزت اور انکی جانی و مالی تحفظ کی فراہمی کیلئے ہر پلیٹ فارم پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ دور میں پختون قوم کو بے تحاشہ چیلنجز کا سامنا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ سابقہ حکومتوں نے انکی بہتری کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روزتحصیل تنگی میں عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پختون قوم کی ایک بہت بڑی بد قسمتی تھی کہ ان پر پانچ سال پی ٹی آئی جیسے نا اہل حکمران مسلط ہوئے جنہوں نے صوبے کے عوام کومایوسیوں اور پریشانیوں میں دھکیل دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پچھلے تین دفعہ حکومتیں کرنے والی سیاسی جماعتوں نے عوام کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا لیکن اب عوام انکے اصل چہرے جان چکی ہیں اور وہ مزید انکی جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات پختون قوم کیلئے ایک اہم موقع ہے کہ وہ اپنے لئے مخلص اور دیانتدار نمائندوں کا انتخاب کریں جو حقیقی معنوں میں انکی بہتری کیلئے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے ہمیشہ پختونوں کی بہتری کیلئے جدوجہد کی اور چاہتی ہے کہ دنیا میں آباد پختونوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرکے انکو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔انہوں نے فاٹا انضمام کے بعد ضم ہونے والے علاقوں میں انتظامی اور قانونی معاملات کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کی بہتری کیلئے ا ن اقدامات کو جلد از جلد عملی جامہ پہناناچاہیے تاکہ ان علاقوں کی ترقی اور بہتر ی کویقینی بنایا جاسکے۔