قومی وطن پارٹی پختونوں کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی، سکندر شیر پائو

بدھ جون 19:30

․پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی ترقی ،امن اور خوشحالی پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ PK-56میں مختلف انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر پی پی پی،،اے این پی،،پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں ڈاکٹرنہار خان،الیاس خان،فضل مالک،نوید خان،تصور،وزیر محمد،طہماش خان،کامل جان،دائود جان،ظہور جان،حاجی خائستہ نور،حاجی بختیار خان،نذیر احمد،بہرہ مند،عزیرالرحمان اورامان اللہ نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندرشیرپائو نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور پختونوں کی فلاح اور خوشحالی ہے اور ان کو ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں کھڑا کرنے تک ہماری تگ و دو جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی نے پختونوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اوریہاں پر معاشی اور سماجی سرگرمیاں ماند پڑ گئی اور عوام کی حالت زار بری طرح خراب ہو چکی ہے لہٰذا عوام کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ ان کو بنیادی سہولیات زندگی فراہم کی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے لیکن سابقہ حکمران نے بد نیتی سے پختونوں اور چھوٹے وفاقی اکائیوں کے ساتھ امتیازی رویہ روا رکھا جس کی وجہ سے اس میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوا ۔انھوں نے کہا کہ امن کے قیام اور پختونوں کے اتحاد و اتفاق قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے اس کاز کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا