ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونا تشویش ناک امر ہے، تحقیقات ہونی چاہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

مجرمانہ غفلت پر ملو ث افراد کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے،صوبائی امیرجماعت اسلامی

بدھ 20 جون 2018 19:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونا تشویش ناک امر ہے اسکی مکمل تحقیقات ہونی چاہیںاور اس مجرمانہ غفلت پر ملو ث افراد کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کی جائے ۔ الیکشن کمیشن ملک میں صاف شفاف انتخابات کروانے کے لئے اقدامات کرے۔اگر نادرا کی جانب سے کسی سیاسی جماعت کو ووٹرز کا ڈیٹا لیک کرکے معلومات دی گئی ہیں تو یہ الیکشن کے سارے عمل کو مشکوک بنانے کے مترادف ہے ۔

نگران وزیر اعظم ناصر الملک کو اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لینا چا ہئے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی دفترمیں وفود سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی ۔انہوں نے کہاکہ کچھ سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ آئین سازاداروں میں پہنچنے کے لیے چورلٹیروں،ڈاکو،بھتہ خور اور دیگرجرائم پیشہ افراد کی راہ ہموار ہوجائے،اس لیے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے آئین کے آرٹیکل 62اور63کے خلاف سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

2018کے عام انتخابات میں ایم ایم اے پورے ملک میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ۔جمہوری تسلسل اور سیاسی استحکام کے لیے ملک میں بروقت انتخابات ناگزیرہیں۔ اب وقت آگیاہے کہ عوام چوروں اور لٹیروں،جاگیرداروں،وڈیروں اوربدعنوان سرمایہ داروں کے نظام کومستردکریں۔مٹھی بھراشرافیہ ملک کی جڑوں کودیمک کی طرح چاٹ رہی ہے،اس سے نجات کاوقت آن پہنچاہے۔

عوام کے نمائندوں کو باکردار،محب وطن اور بے داغ ہوناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ ہے کہ ہمیں70برسوں میں محب وطن قیادت میسر نہیں آسکی۔ایسے لوگوں کو آگے لایاجانا چاہئے جوحقیقی معنوں میں عوام کے خدمتگار ہوں،ذاتی مفادات پر ملکی مفادات کوترجیح دیں۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کودرپیش مسائل کاحل صرف اور صرف ایم ایم اے وجماعت اسلامی کی دیانتدار اور باکردار قیادت کے پاس ہے۔

مرکز وصوبائی حکومتوں نے پانچ سالہ دور اقتدارمیں عوام کی فلاح وبہبودکے لیے کچھ نہیں کیا۔اداروں کاتقدس پامال کیا گیا۔مہنگائی،بے روزگاری،لاقانونیت،لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہواہے۔سابقہ حکومت کی کارکردگی صرف کرپشن اوراثاثوں کوبیرون ملک منتقل کرنے اور مفادات سمیٹنے تک ہی محدود رہی جس سے عوام میں شدیدمایوسی پھیلی ہے