ہم نے ہمیشہ شرافت اور اُصول پسندی کی سیاست کی ہے،میری کامیابی کسی چودھری، جاگیردار یا وڈیرے کی مرہون منت نہیں،ملک فیاض احمد اعوان

بدھ 20 جون 2018 20:00

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2018ء) سابق رُکن صوبائی اسمبلی و اُمیدوار پی پی 70سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار ملک فیاض احمد اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ شرافت اور اُصول پسندی کی سیاست کی ہے ۔ میں ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور اپنے حلقہ کے عوام کہ بھرپور حمایت سے ہی کامیاب ہوا ہوں ، میری کامیابی کسی چودھری، جاگیردار یا وڈیرے کی مرہون منت نہیں، آج میری کامیابی کا مجھے طعنہ دینے والے ذرا خود سوچیں کہ ماضی میں اُنہوں نے اپنے ٹکٹ ہولڈر اُمیدواروں سے کس طرح غداری اور بغاوت کی۔

اُن کا کہناتھا کہ مجھے صرف اور صرف میرے حلقہ کے عوام نے مسلسل دو بار رُکن صوبائی اسمبلی منتخب کیا اور میں نے ہمیشہ حلقہ کی تعمیر وترقی اور عوام کی بہتری کے لیے جو اقدامات کیے وہ انشاء اللہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھاکہ پاسپورٹ آفس،ٹراما سنٹر، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نرسری وارڈ، گرلز کالج شرقی حصہ، ڈسپنسری،شہر کے شرقی حصہ کے لیے سیوریج سکیم سمیت دیگر ایسے کئی منصوبے مکمل کیے گئے اور انشاء اللہ آئندہ بھی حافظ آباد میں یونیورسٹی کے قیام ، ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن سمیت کئی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پچیس جولائی پی ٹی آئی کی تاریخی کامیابی کا دن ہو گا اور انشاء اللہ حافظ آباد کی عوام تمام نشستوں پر پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کواپنے ووٹ کی طاقت سے کامیاب کرے گی۔