Live Updates

آج پچا س سال سے پی پی کو ووٹ دینے والے اس کے خلاف ہو گئے ہیں، خرم شیر زمان

اس کے باوجود پیپلز پارٹی کو کراچی اور سندھ سے کلین سویپ کے دعوے کرتے ہوئے شرم نہیں آتی،پی ٹی آئی رہنماء

بدھ 20 جون 2018 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آج پچا س سال سے پی پی کو ووٹ دینے والے اس کے خلاف ہو گئے ہیں۔ اس کے باوجود پیپلز پارٹی کو کراچی اور سندھ سے کلین سویپ کے دعوے کرتے ہوئے شرم نہیں آتی۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزگار، تعلیم، صحت اورترقیاتی کام دور کی بات، گڈاپ کے ڈملوٹی گوٹھوں کو پینے کا پانی تک فراہم نہیں کیا گیا۔ آج وہاں کی خواتین سروں پر پانی کے برتن رکھ کر پانی کی قلت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگانے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

یہ گوٹھوں کے لوگ سندھ کارڈ کی وجہ سے پی پی کو ووٹ دیتے تھے لیکن آئندہ انتخابات میں پی پی والے کیا منہ لے کر ان سے ووٹ مانگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کا جو حال کیا ہے، اس کے خلاف پورا سندھ پی پی کے خلاف اٹھ کر کھڑا ہوگیا ہے۔ لوگ منتیں مان رہے ہیں کہ اس بار کیسی ہی مشکل کیوں نہ آجائے، لیکن پی پی کی حکومت نہ آئے۔ اس کے باوجود پی پی رہنمائوں کی ہٹ دھرمی قابل دید ہے۔ وہ بے شرمی کے ساتھ لوگوں سے ووٹ بھی مانگیں گے اور الیکشن میں حصہ بھی ضرور لیں گے لیکن ہمیں یقین ہے کہ پی پی اگلی بار پورے سندھ بالخصوص کراچی سے بری طرح ہار کر پورے پاکستان سے رسوا ہوگی۔ جیت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات