Live Updates

تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو کراچی سمیت پورے ملک کا نقشہ بدل دیں گے،فردوس شمیم نقوی

بدھ 20 جون 2018 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو کراچی سمیت پورے ملک کا نقشہ بدل دیں گے۔ ہم دو نہیں بلکہ ایک پاکستان چاہتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کے کارکنان و عہدیداران کے اجلاس سے بات چیت کے دوران کہیں۔

اس موقعے پر پی ٹی آئی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم، سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک سے بدعنوانی، لاقانونیت اور نسل ، رنگ، زبان اور دولت کی بنیاد پر امتیاز کا خاتمہ چاہتی ہے۔ ملک میں ایک قانون اور ایک نظام کی حکمرانی تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کراچی پیکیج کا اعلان کرکے کراچی والوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام گزشتہ فرسودہ نظام، فرسودہ سیاسی پارٹیوں اور فرسودہ چہروں سے اکتا چکے ہیں۔ عوام نئی سیاسی قیادت کو عدل و انصاف کی بنیاد پر فیصلہ سازی میں مصروف دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کے عوام کی امیدوں پر پوری اترے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات