نگران حکومت مینڈیٹ کے مطابق صوبے کی عوام کی فلاح وبہبود اور مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ہرممکن اقدامات کرے گی،مقدس اللہ

بدھ 20 جون 2018 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے محکمہ مال، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ونارکاٹکس کنٹرول اور محکمہ محنت مقدس اللہ نے کہاہے کہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق صوبے کی عوام کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر ہرممکن اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے متعلقہ محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعداعلیٰ حکام سے اپنے دفتر میںملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کے سینئر ممبر بورڈ آ ف رینو ظفر اقبال ،سیکرٹری ریوینو محمد قیصر، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انور خان اورایڈیشنل سیکرٹری ایکسائز عطاء الرحمن کے علاوہ دیگر متعلقہ حکا م نے نگران وزیرسے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

حکام کی جانب صوبائی وزیر کو محکمہ مال اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے انتظامی امور کے علاوہ خدمات کی فراہمی اور ان محکموں کو درپیش چیلنجز سے بھی تفصیلی طورپر آگاہ کیا گیا۔

نگران وزیر نے محکمہ مال اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے محکموں کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے اور حکومتی اہداف حاصل کرنے اور محاصل میں اضافے کے لئے جدید خطوط پرکام کرنے پر زور دیا۔ انہو ںنے کہاکہ محکموں کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیر مال نے کہا کہ نگران حکومت اپنے آئینی دائرہ کار میںرہتے ہوئے عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنانے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔