کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں، جو ملک کیلئے بہتر ہے وہی کرینگے‘احمد وقاص ریاض

انتخابات کو مکمل شفاف بنانے کیلئے انتظامی عہدوں میں تبدیلی کا عمل شروع کردیا گیا‘نگران صوبائی وزیر اطلاعات

بدھ 20 جون 2018 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) نگران وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری شفاف اور غیرجانبدارانہ عام انتخابات کا انعقاد ہے۔ آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق اپنے مینڈیٹ کا استعمال کررہے ہیں۔ عام انتخابات کراکے گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔سنیئر صحافیوں سے ملاقات اور غیر رسمی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انتظامی عہدوں اور پولیس میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔

انتخابات کو مکمل شفاف بنانے کے لئے صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح پر انتظامی عہدوں میں تبدیلی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سیکرٹریوں کے علاوہ کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر اہم عہدوں پر فائز افسروں کو تبدیل کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کا کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں، جو ملک کیلئے بہتر ہے وہی کریں گے۔

غیرمنتخب لوگوں کا زیادہ دیر اقتدار میں رہنا ممکن ہی نہیں۔ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا اپنا نکتہ نظر ہوتا ہے۔ اظہار رائے یا کسی کی تنقید پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی لیکن یہ یقین دلاتے ہیں کہ اپنا کام دیانتداری اور قومی سوچ کے ساتھ کریں گے۔ صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے احمد وقاص ریاض نے کہا کہ پولنگ کے روز میڈیا کو ضروری اطلاعات کی بروقت فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔نگران پنجاب حکومت کی امن وامان کی صورتحال پر گہری نظر ہے۔الیکشن کے دوران سکیورٹی انتظامات کیلئے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل تعلقات عامہ نبیلہ غضنفراور دیگر افسر بھی موجود تھے۔