ایمنسٹی سکیم تاجر برادری کیلئے بنائی گئی ہے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے ، طارق محمود پاشا

ملک کے وسیع تر مفاد میں ایمنسٹی سکیم کو ایک ماہ کی توسیع دی جائے ، شیخ عامر وحید

بدھ 20 جون 2018 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق محمود پاشا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم تاجر بردری کیلئے بنائی گئی ہے کیونکہ پبلک آفس ہولڈرز کو اس سے باہر رکھا گیا ہے لہذا تاجر برادری 30جون سے پہلے پہلے اپنے خفتہ اثاثوں کو ظاہر کر کے اس سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت یکم ستمبر سے دنیا کے 102ممالک میں رہنے والے پاکستانی شہریوں تک ایف بی آر کو رسائی حاصل ہو جائے گی لہذا غیر ملکی پاکستانیوں کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ اس ایمنسٹی سکیم کے تحت اپنے غیر اعلانیہ اثاثے ظاہر کر دیں ورنہ نئے عالمی قوانین کے تحت ان کیلئے غیر ممالک میں خفیہ اثاثے رکھنا مشکل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ایمنسٹی سکیم پارلیمنٹ کے قانون کے تحت پاس کی گئی ہے لہذا اس کی آخری تاریخ میں توسیع کرنا ایک مشکل کام ہے۔ طارق محمود پاشا نے ایمنسٹی سکیم کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا ٹیکس ریونیو بہتر ہو گا، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہو گا، ادائیگیوں کا توازن بہتر ہو گا، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے اور باہر سے پیسہ پاکستان آنے سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی جس سے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔

انہوںنے کہا کہ ملکی و غیر ملکی پاکستانیوں کیلئے یہ تقریبا آخری موقع ہے کہ وہ ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے خفیہ اثاثے ظاہر کر دیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میںمثبت کردار ادا کریں کیونکہ اس کے بعد کسی دوسری ایسی سکیم کا آنا فلحال مشکل دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی سستی کی وجہ سے بغیر ٹیکس ادائیگی کے پیسہ پاکستان سے باہر جاتا رہا تاہم انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اب ٹیکس قوانین کو تبدیل کیا جا رہا ہے جس وجہ سے آئندہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لہذا غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کیلئے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھا کر معمولی ٹیکس ادا کر کے اپنے خفیہ اثاثوں کو قانونی شکل دے دیں۔

انہوںنے کہا کہ 30جون تک ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کی صورت میں ٹیکس دہندگان کو اس سال کا ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں بھی سہولت ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایف بی آر ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرشیخ عامر وحید نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ایمنسٹی سکیم کو ایک مثبت اقدام سمجھتی ہے کیونکہ اس سے نئے ٹیکس دہندگان اور حکومت دونوں کو فائدہ ہو گا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم چونکہ کافی دن سپریم کورٹ میں زیر غور رہی اور جب کورٹ نے اس کو کلئیر کیا تو چند دن بعد عید کی چھٹیاں آ گئیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایمنسٹی سکیم کو کم از کم ایک ماہ کی توسیع دی جائے تا کہ تاجر برادری اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں نے ایمنسٹی سکیم پر تحفظات کا اظہا ر کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آ گئیں تو اس پر نظرثانی کریں گی لہذا انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ ایسے تمام تحفظات کو دور کیا جائے تا کہ لوگ بلا جھجھک اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوںنے کہا کہ جن ٹیکس دہندگان کو شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں یا جن کے کیس کمیشنر اپیل کے پاس زیر التوا ہیں ان کو بھی ایمنسٹی سکیم سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کو ایف بی آربورڈ میں نمائندگی دی جائے تا کہ محکمہ کے پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جا سکے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، شیخ طارق صادق،خالد جاوید، باصر دائود، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، مزمل صابری، اجمل بلوچ، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور چیئرمین ایف بی آر سے مختلف سوالات کئے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔