متحدہ مجلس عمل انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، معراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 20 جون 2018 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل سندھ کے نائب صدراور این اے 256سے قومی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے ملک میں حقیقی تبدیلی اسلامی وخوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گا۔شریعت کانفاذاورنظریہ پاکستان کوفروغ دیکرشہداء اوربانی پاکستان قائداعظم کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔

ایم ایم اے کے اتحاد سے کرپٹ ٹولاو سیکولرلابی سخت پریشان ہے۔وہ جمعیت علمائے اسلام ف ضلع وسطی کے امیرمفتی عبدالرشید اوران کے ساتھیوں سے ملاقات اور انتخابی مہم کے حوالے سے تبادلہ خیال کررہے تھے ۔مقامی امیرزون پی ایس 130سے امیدوارنسیم احمد صدیقی،پی ایس125کے امیدوارمولانا عبدالباقی، جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم مولانا عبدالوحید اخوانی مفتی علی الزمان کشمیری ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

نارتھ ناظم آباد سے حلقہ این اے 256سے مجلس عمل کے نامزد امیدوارڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔علماء سمیت برادریوں اورزندگی کے مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے،دریں اثناء انہوں نے ایک حادثے میں فوت ہونے والے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدرخالدشاہ کے سوئم میں شرکت اورمرحوم کی مغفرت وپسماندگان کے لیے صبروجمیل کی دعا کی۔#