گذشتہ 70سال سے قابض جاگیردار ٹولے نے عوام کو سبز باغ دکھارووٹ لیے اوربدلے میں مہنگائی،بھوک وافلاس کے علاوہ کچھ نہیں دیا،اسداللہ بھٹو

بدھ 20 جون 2018 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما اور این اے 242سے قومی اسمبلی کے امیدوار اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ملک پر گذشتہ ستر سال سے قابض جاگیردار و سیکولرحکمراں ٹولے نے عوام کو سبز باغ دکھارووٹ لیے اوربدلے میں مہنگائی،کرپشن، غربت اوربھوک وافلاس کے علاوہ کچھ بھی نہیں دیا۔عید کے دن بھی کراچی میں پانی کا بحران،ٹریفک جام اورہرطرف کچرے کے ڈھیر نااہلی وکرپشن کا نتیجہ ہے،اہل ودیانتدار قیادت ہی کراچی کی تعمیر وترقی اورروشنیاں بحال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

عوام نے انتخابات میں ایم ایم اے کے صادق وامین نمائندوں کو کامیاب کیا توشہر کی تقدیربدل دیں گے ،سابق میئر عبدالستارافغانی اورنعمت اللہ خان کا کردار اورکام پوری قوم کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

وہ مخدوم بلاول گوٹھ گلزارہجری میں سماجی رہنما سکندرابڑو کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرامیرضلع شرقی اور پی ایس 100پر امیدوارمحمد یونس بارائی نے بھی خطاب کیا۔

اسداللہ بھٹو نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے مگرعوام پانی جبکہ دیھی آبادی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جوکہ عوامی مینڈیٹ اورکراچی کی دعویدارحکمران جماعتوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔نعمت اللہ خان نے دیھی وشہری کی تفریق کئے بغیر کراچی میں تعمیروترقی کا مثالی کام کیاکیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دیھی علاقے کراچی کے ماتھے کا جھومرہیں۔