حافظ نعیم الرحمن کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات، پانی کی منصفانہ تقسیم اور ضلع غربی کے لیے اضافی کوٹے کا مطالبہ

توجہ طلب امور پر عملے کے ساتھ میٹنگ کریں گے ،ْپانی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے گا ۔خالد محمود شیخ کی یقین دہانی �ن تک مسئلہ حل نہ ہوا تو اتوار کو بنارس چوک پر عوامی پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔حافظ نعیم الرحمن کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 جون 2018 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ایک وفد نے بدھ کے روز واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس میں ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ملاقات کی اور شہر بھر میں پانی کی عدم فراہمی وغیر منصفانہ تقسیم ،لائینوں کے رسائو مسائل اوربالخصوص ضلع غربی اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن،شیرشاہ،میٹرویل، فرنٹیئرکالونی میں پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

ملاقات میں ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان بھی موجود تھے جبکہ وفد میں امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی ، ممبرعمران شاہد ، یوسی چیئرمین عبد الصمد خان ، عبد القیوم خان ، نواز خان ،جماعت اسلامی اورنگی کے ناظم مدثر انصاری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں پانی کے بحران کو فوری طور پر حل کیا جاے،ویسے تو پورا شہر متاثر ہے جہاں پانی نہیں لیکن سب زیادہ ڈسٹرکٹ ویسٹ متاثر ہے جہاں پانی کی ایک بوند میسر نہیں،ڈسٹرکٹ ویسٹ کو پانی کا اضافی کوٹہ دیاجائے اورشہر میں پانی کی تقسیم کو منصفانہ بنایا جائے۔ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیااور مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جن امور پر توجہ دلائی ہے ہم اپنے عملے کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور ترجیحی بنیادوں پر مسائل حل کریں گے اورپانی کی صورتحال کو بہتر بنایاجائے گا۔

ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کے حوالے سے ضلع غربی میں مظاہرے کیے جارہے ہیں ،شہر بھر میں پانی کی عدم فراہمی اور غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جماعت اسلامی نے رمضان المبارک میں ایم ڈی واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس کے باہر دھرنا دیا اور وہیں پر افطاری اور تراویح بھی ادا کی،ایم ڈی واٹر بورڈنے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود صورتحال میں بہتری کے بجائے مزید خرابی پیدا ہوتی جارہی ہے جس سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں ۔

شہر میں اکثر مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کیے جارہے ہیں جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3دن سے اورنگی ٹاؤن 5نمبر بند کیا ہواہے ، عوام پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں ، اگر پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو امن وامان کی صورتحال کی خرابی کی ذمہ داری واٹر بورڈ کی انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں بڑے پیمانے پر پانی کے رساؤ اور غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ ہے ، بعض مقامات پر مہینوں اور بعض میں ہفتوں میں پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان پانی کی ترسیل کے حوالے سے مانیٹرنگ کررہے ہیںاگر 3دن تک پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کیاجائے گا اور اس حوالے سے اتوار کو بنارس چوک پر عوامی پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، کراچی کے شہری پانی کے برتنوں میں پانی کی بھیگ مانگنے پر مجبور ہیں ،ایم کیوایم او ر پیپلز پارٹی نے اپنی نااہلی اور بد دیانتی کے باعث کراچی کے شہریوں کو پانی کے لیے ترسا دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ الیکشن میں عوام ان پارٹیوں کو مسترد کردیں گے جنہوں نے 30سال برسراقتدار رہنے کے باوجود کراچی کے شہریوں کے لیے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا ۔