جی ڈی اے کے پرانے مایوس شکاری نئے جال میں عوام کوپھنسانے آئے ہیں، وقار مہدی

بدھ 20 جون 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) بھان متی کا کنبہ اورپرانے مایوس شکاری نیا جال لے کر سندھ کے عوام کوایک بار پھر باوقوف بنانے کیلئے تماشہ لگانے کیلئے میدان میں آئے ہیں۔لیکن ماضی کی طرح سندھ کی عوام ان عوام دشمن ٹولے کو ایک دفعہ پھر شکست فاش سے دوچار کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ جے ڈی اے کے خود ساختہ لیڈرجو کہ ماضی میں چور دروازوں سے حکومتوں میں آئے انہوں نے ان ادوار میں کون سے تاریخی کام کئے جس سے سندھ کے عوام کو یوسی سے لے کر ڈویڑنل سطح تک فائدہ ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بدین کے عوام کے خیرخواہ اور ہمدرد بننے والے جی ڈی اے کے نوواردرہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے ادوار میں لئے جانے والا کھربوں روپے کا فنڈ کب کہاں اورکیسے استعمال کیا اس کابدین کے عوام حساب مانگ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام ان نوسربازوں سے باخوبی واقف ہے جو بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے سے باز نہیں آتے جن کے لئے اقتدار ہی سب کچھ ہے جس کیلئے وہ اپنوں کے سروں سے بھی پھلانگنے سے اجتناب نہیں برتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مخالفین آج پیپلز پارٹی کی عوام میں مقبولیت دیکھ کر خوف زدہ ہیں ، کشمور سے کراچی تک پی پی پی نے ہر ضلع میں ترقیاتی کام کئے ہیں اور بیشتر مکمل ہوچکے ہیں اور باقی زیر تکمیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو ہونے والے الیکشن میں عوام ان کو ایک بار پھر اپنے ووٹوں کی طاقت سے لوٹوں کومسترد کردیگی۔