کراچی چیمبر کا ایمنسٹی اسکیم میں 2ماہ تک توسیع کا مطالبہ

بدھ 20 جون 2018 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر مفسر عطاملک نے وفاقی حکومت کو تجویز دی ہے کہ وہ ایمنسٹی اسکیم2018کی آخری تاریخ میں کم ازکم ایک سے دو ماہ تک توسیع کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس اسکیم سے مستفید ہوسکیںاور پرکشش ٹیکس شرح پر بیرون ملک رکھے گئے اثاثوں کو ظاہر کرکے انہیں واپس لاسکیں۔

ایک بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہاکہ ایمنسٹی اسکیم کو اب تک وہ توجہ نہیں ملی جس کی امید کی جارہی تھی جس کی وجہ حال ہی ماہ رمضان اور چار متواتر چھٹیاں ہیں جن کے باعث وہ اس اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھاپائے۔ اب جب کہ صرف 9 دن باقی ہیں جن میںسے آخری 3 تین روز جمعہ، ہفتہ اور اتوار آرہے ہیں انہیں مدنظر رکھتے ہوئے ایسا لگ رہا ہے کہ جو افراد اس ایمنسٹی اسکیم کے تحت اپنے بیرون ملک رکھے گئے اثاثے ظاہر کرنا بھی چاہتے ہیں وہ کم وقت ہونے کی وجہ سے ایسا کرنے سے قاصر رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ جمعے کو تمام خلیجی ممالک میں تعطیل ہوتی ہے اور ہفتہ کو ہاف ڈے جبکہ اتوار کے روز امریکا کے شہر نیویارک میں بینکوں کی ہفتہ وار چھٹی ٍہوتی ہے لہٰذا ان تینوں دنوں میں ترسیلات زر ممکن نہیں۔مفسر ملک نے کہاکہ ایمنسٹی اسکیم کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت کو آخری تاریخ بڑھا کر کم ازکم ایک سے دو ماہ کی توسیع کرنی ہو گی بصورت دیگر یہ اسکیم سود مند ثابت نہیں ہوگی