ملک میں آئندہ انتخابات کاپرامن ماحول میں انعقادحکومت کی اولین ترجیح ہے،نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈناصر الملک

پرامن،شفاف اور آزادانہ ماحول میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاق ،صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے گا، نگران وزیر اعظم کا گورنر ہائو س میں اعلیس سطح اجلاس سے خطاب

بدھ جون 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈناصر الملک نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ انتخابات کاپرامن ماحول میں انعقادحکومت کی اولین ترجیح ہے۔پرامن،شفاف اور آزادانہ ماحول میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاق ،صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے گا۔ کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سیکورٹی ادارے امن وامان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کریں۔وہ بدھ کو گورنر ہائوس میں امن وامان کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے،اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر ،نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن ،کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا ،وفاقی سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا ،چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر)اعظم سلیمان خان ،آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔نگراں وزیراعظم کو سندھ رینجرز کی جانب سے کراچی میں جاری آپریشن پر بریفنگ دی گئی اور ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کے خلاف کی گئی کامیاب کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پولیس ،،رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کے باہمی تعاون کے باعث کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں 85فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور اب شہر میں کوئی نوگوایریا موجود نہیں ہے۔شہری آزادانہ طور پر اپنے معمولات زندگی میں مصروف ہیں۔نگراں وزیراعظم نے صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس ،،رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کی ستائش کی۔

انہوں نے کراچی کے امن اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔نگراں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے مربوط حکمت عملی کا تعین کریں اور رابطوں کے نظام کو مذید فعال کریں۔۔سندھ میں امن وامان کے حوالے سے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

قبل ازیں نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک اپنے پہلے دورے پر کراچی پہنچے تو ائیرپورٹ گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔بعدازاں نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نے گورنرسندھ محمد زبیر اور نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔نگراں وزیراعظم نے بانی پاکستان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔نگراں وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے اور بانی پاکستان کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔#