ہمارا ایشو صرف چیف سیکریٹری ہے کوئی قومیت اور علاقہ نہیں ،چیف سیکریٹری کو گھر جبکہ چیف منسٹر کو جیل جانا ہوگا،DHQہسپتال کو جیل بنانے کی انکوائری ہو گی ، سابق وزیر اعلیٰ سیدی مہدی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 جون 2018 21:30

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) سابق وزیر اعلیٰ سیدی مہدی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارا ایشو صرف چیف سیکریٹری ہے کوئی قومیت اور علاقہ نہیں ،چیف سیکریٹری کو گھر جبکہ چیف منسٹر کو جیل جانا ہوگا،DHQہسپتال کو جیل بنانے کی انکوائری ہو گی ۔ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نئے چیف سیکریٹری نے DHQگانچھے دورے کے موقع پر سماجی کارکن کے مطالبے پر جواب دیتے ہوئے جس متکبرانہ رویے سے ٹیکس کا حوالہ دیا ہے وہ قابل مذمت ہے ایسے آفیسر کو گھر جبکہ تعینات کرنے والے چیف منسٹر کو جیل جانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایشو چیف سیکریٹری ہے لیکن کسی بھی قومیت اور علاقے سے کوئی جھگڑا نہیں ہے ہم سب پاکستانی ہیں اور ملک کے کسی بھی حصے میں کاروبار یا نوکری کر سکتے ہیں لہذا اس کو کسی بھی قومیت سے جوڑنا تشویشناک ہے اور ایسی سوچ کو ہم مسترد کر تے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بلتستان کے اکلوتے بڑے ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ہسپتال کی عمارت کو جیل بنا دیا ہے کروڑوں روپے چار دیواری پر ممن اپنے ٹھیکیداروں کو فائدہ دلانے کیلئے خرچ کرنے کی بجائے روڈ سائیڈ پر مارکیٹ تعمیر کرتے تو ہسپتال کو موثر مالی وسائل فراہم ہو سکتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو جیل بنانے والوں کیخلاف انکوائری ہونی چاہیے اور قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ منصوبہ اگر پیپلزپارٹی کے ویژن کے مطابق تعمیر ہوتا تو معیاری ہوتا تاہم موجودہ تعمیری صورتحال پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔