28جون کو عظیم الشان علماء کنونشن ،8جولائی کو تاریخی جلسہ عام ہو گا ، حافظ نعیم الرحمن

سیاسی فضاء تبدیل ہو جائے گی اور عوام ثابت کر دیں گے کہ مجلس عمل ہی کراچی میں متبادل قیادت ہے ، عید ملن کنونشن سے خطاب

بدھ 20 جون 2018 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و صدر متحدہ مجلس عمل کراچی کے نامزد امیدوار NA-250حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام کراچی میں 28جون کو عظیم الشان علماء کنونشن اور 8جولائی کو تاریخی جلسہ عام منعقد ہو گا جس سے مرکزی لیڈر شپ مولانا فضل الرحمن ، سینیٹر سراج الحق اور قائدین خطاب کریں گے ۔

علماء کنونشن اور جلسہ عام سے کراچی کی سیاسی فضاء تبدیل ہو جائے گی اور کراچی کے عوام ثابت کریں گے متحدہ مجلس عمل ہی کراچی میں متبادل سیاسی قیادت ہے ۔ ضلع غر بی میں پانی کی شدید قلت نے ایک بحرانی کیفیت پیدا کر دی ہے ۔ پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوا تو انتخابی مہم بھی چلائیں گے اور احتجاجی مہم بھی چلائیں گے ۔

(جاری ہے)

عوام کا مسئلہ ہر صورت میں حل کرائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غر بی کے دفتر اورنگی ٹائون میں NA-250اور PS-120کے تحت عید ملن کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر محمد اسحاق خان ، ضلع غر بی کے امیر و نامزد امیدوار PS-120عبد الرزاق خان ، حمید اللہ خان ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر انوار الحق نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں مجلس عمل میں شامل جماعتوں سے وابستہ علمائے کرام ، منتخب یوسی چیئر مین و وائس چیئر مین ، جماعت اسلامی ، جے آئی یوتھ اور پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران و کارکنان اور جنرل ورکرز کی بڑی تعداد نے شر کت کی ۔

قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے اورنگی ٹائون پونے پانچ نمبر پر پانی کی شدید قلت کے خلاف سڑک پر موجود مظاہرین سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ بھر پور اظہار ِ یکجہتی کر تے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ پانی کے مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش اور جدو جہد کریں گے ۔ مسئلہ حل نہ ہوا تو عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے عید ملن کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ پوری ہمت ، جرات مندی اور بھر پور انتخابی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینا ہے ۔

کراچی کے عوام متبادل قیادت کے منتظر ہیں اور چاہتے ہیں کہ تبدیلی آئے اور عوام کو بار بار دھوکہ دینے والوں سے نجات ملے ۔ ہمیں عوام کو حوصلہ ،ہمت اور سہارا دینا ہے اور ان کو یقین دلانا ہے کہ ان کے ووٹ کی طاقت سے کراچی کے حالات تبدیل ہو سکتے ہیں اور مجلس عمل بہترین متبادل قیادت ہے جوکہ کرپشن سے پاک ہے اور عوام کے مسائل حل کر نے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں امن و محبت اور بھائی چارے کے لیے اور عصبیت و لسانیت کی سیاست کے خلاف بڑی قر بانیا ں دیں ہیں ۔ شہداء کا نذرانہ دیا ہے ۔ یہ قر بانیاں اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ کراچی کے عوام کو امن و سکون اور چین ضرور ملے گا ۔ تبدیلی آئے گی اور متحدہ مجلس عمل ہی تبدیلی لے کر آئے گی ۔ محمد اسحاق خان نے کہا کہ ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت NA-250 کے علاقے کا پانی مستقل طور پر بند کیا ہوا ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید بے چینی اور اشتعال پیدا ہو رہا ہے اور عوام مسلسل احتجاج کر رہے ہیں ۔

یہ انتخابات سے قبل حالات خراب کر نے کی کوشش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیا جائے گا ۔ عبد الرزاق خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی 10سال سے حکومت میں ہے اور اس کے ساتھ ایم کیو ایم اور ANPبھی اقتدار میں شریک رہی ہے ۔ یہ جماعتیں ہی کراچی میں عوامی مسائل کی ذمہ دار ہیں۔ آج کراچی کا پانی کراچی کے عوام کو دینے کے بجائے بحریہ ٹائون سمیت دیگر رہائشی اسکیموں اور ہائوسنگ سوسائٹیوں کو دیا جا رہا ہے ۔

ان کو یہ پانی کس قانون اور ضابطے کے تحت دیا جا رہا ہے ۔ پانی کا مسئلہ بہت بڑا مسئلہ ہے ہم اس مسئلے کوحل کرائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ حمید اللہ خان ایڈکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بجلی ، پانی اور شناختی کارڈز کے مسائل سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے آواز اُٹھائی ہے اور عوام کی تر جمانی کا حق ادا کیا ہے ۔ ہم عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مسائل کے حل تک جد وجہد جاری رہے گی ۔