دشت تیرہ میل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے مبینہ کمانڈ ر سمیت4دہشت گرد ہلاک

ایک حملہ آور نے پولیس کی بکتربند گاڑی کے قریب خود کودھماکے سے اڑا لیا مارے جانے والوں میں ایک خاتون بھی شامل فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4جوان بھی زخمی ہوگئے، مکان سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمدکرلیاگیا کمانڈر عاصم دہشت گردی کے 10بڑی وار داتوں میں شامل تھا بلکہ وہ فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھا، سی ٹی ڈی ترجمان کی پریس کانفرنس

بدھ 20 جون 2018 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) بلوچستان کے علاقے دشت تیرہ میل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے مبینہ کمانڈرعاصم سمیت4دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ کارروائی کے دوران مکان سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمدکرلیاگیاہے ،فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4جوان بھی زخمی ہوگئے ۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گزشتہ روز خفیہ اطلاع اور فائرنگ میں مارے جانے والے دہشت گردوں کے ساتھی فضل الحق کی نشاندہی پر ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا تو اس دوران وہاں موجود مسلح افراد کی جانب سے فورسز پر اندھادھند فائرنگ کی گئی جبکہ فورسز کی جانب سے بھی جوابی کارروائی شروع کردی گئی کارروائی کے دوران ایک حملہ آور نے پولیس کی بکتربند گاڑی کے قریب خود کودھماکے سے اڑا لیا جبکہ ان کے ساتھی فورسز کی فائرنگ میں مارے گئے ۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ملزمان کی نشاندہی کیلئے لے جائے جانے والے دہشت گرد فضل الحق بھی فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا مارے جانے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ دھماکے کے مقام سے ایک بچے کی بھی لاش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کی گئی ہے جس کی ابتدائی طورپر شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران 4اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔

جبکہ مارے جانے والے حملہ آوروں کی لاشیں بھی سول ہسپتال کوئٹہ لائی گئی ہے ۔گزشتہ روز کارروائی کے بعد کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایا،کمانڈنٹ غزہ بند سکائوٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز پولیس ایف سی اور سیکورٹی اداروں نے دشت تیرا میل میں دہشتگردوں کے خلا ف کا میاب کارروائی کی ،کارروائی گرفتار دہشتگردفضل حق کی نشاندہی اور سیکورٹی اداروں اطلاع پر کارروائی کی گئی،جس کے دوران گرفتار دہشت گرد فضل حق ایک خاتون سمیت4دہشت گرد ہلاک کئے گئے ہیں ۔

ڈی آئی جی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کے عاصم بھی شامل ہیں کمانڈر عاصم دہشت گردی کے 10بڑی وار داتوں میں شامل تھا بلکہ وہ فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھاتاہم کالعدم تنظیم کے کمانڈر عاصم کی شناخت کیلئے ان کے فنگر پرنٹس متعلقہ حکام کو ارسال کردئیے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر سلمان بادینی کی ہلاکت کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شدت آگئی ہے جبکہ دشت تیرہ میل میں مارے جانے والے کمانڈر عاصم نے بھی تباہی پھیلانے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی مکان سے فورسز کو خودکش جیکٹس ،راکٹ لانچر ،دیسی ساختہ بم ،گولیاں اور موبائل فون بھی ملے ہیںانہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو مکان ،فلیٹس کرایے پر دینا بھی سہولت کاری میں آتاہے اس لئے عوام رینٹ ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہاکہ مکان سے ایف سی اہلکاروں پر حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور یونیفارمز بھی ملے ہیں بلکہ ایف سی مددگار سینٹر پر خودکش حملہ کرنے والوں کو بھی اسی مکان سے بھیجاگیاتھا۔اس موقع پر کمانڈنٹ غزہ بندسکائوٹ کاکہناتھاکہ صبح5بجے سی ٹی ڈی کی جانب سے ایف سی کو مدد کیلئے طلب کیا گیا جس کے فوراًً بعد ایف سی کے جوان مذکورہ علاقے میں پہنچے انہوں نے کہاکہ خودکش حملہ آور فورسز کی گاڑی میں داخل ہوکر خودکو اڑاناچاہتاتھا تاہم ان کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی انہوں نے کہاکہ خودکش دھماکے کی آڑ میں مارا جانے والا کمانڈر اورخاتون فرارہونے کی کوشش کررہے تھے کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے۔