کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاںبحق، ایک سب انسپکٹر زخمی

چالو باوڑی اور سرہ غڑگئی میں موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا

بدھ جون 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2018ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاںبحق جبکہ پولیس سب انسپکٹر زخمی ہوگیا ،چالو باوڑی اور سرہ غڑگئی میں موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیاہے ۔۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں مسلح افراد کی جانب سے پولیس سب انسپکٹر عبدالصمد کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ان کے بوڑھے والد وزیر محمد اور 9سالہ بیٹے بلال جاںبحق ہوگئے تاہم پولیس سب انسپکٹر عبدالصمد زخمی ہوگیاہے جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے واردات کے بعد حملہ آور فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چالو باوڑی کے علاقے میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے محمد قاسم نامی شخص زخمی ہوگیاہے جسے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیاہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔اس کے علاوہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ غڑگئی کے قریب موٹرسائیکل چھیننے کی واردات کے دوران فائرنگ سے بہائوالدین نامی نوجوان جاںبحق ہوگیاہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔